وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت: پنجاب حکومت کا خصوصی افراد کیلئے صحت انصاف کارڈز کے اجراء کا فیصلہ
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کو صحت انصاف کارڈزدینے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ ا داروں کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھرمیں خصوصی افراد کا ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ خصوصی افراد کو صحت انصاف کارڈز کے اجراء کے حوالے سے اقدامات کئے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو مزید ہدایت کی ہے کہ خصوصی افراد کا ڈیٹا جمع کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صحت انصاف کارڈز کے ذریعے خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک ہسپتال سے علاج معالجے کی سہولت حاصل کر سکیں گےـانہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی صحت کے حوالے سے ضروریات بھی مختلف ہوتی ہیں، اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کیلئے صحت انصاف کارڈز کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خصوصی افراد کی دیکھ بھال، بحالی اور علاج معالجے کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور صحت انصاف کارڈز کے اجراء کے اقدام سے خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ کو بہت سہولت ملے گی جوکہ پنجاب حکومت کا منفرد اقدام ہے اور ہم آئندہ بھی خصوصی افراد کی بحالی کیلئے مزید اسی طرح کے اقدامات کریں گے۔