نواز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے امکان کو مسترد کردیا

11 اپریل 2018 (20:09)

سابق وزیراعظم نوازشریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ بحالی کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف سے پنجاب ہاس میں ایئر لیگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی آئی اے کی صورتحال اور پی آئی اے ریفرنڈم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز، وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان، وزیر دفاع خرم دستگیر، پرویز رشید اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے ایئر لیگ کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ اس کی بحالی کی جائے گی۔ نواز شریف نے اعتراف کیا کہ ہم پی آئی اے سے متعلق اپنے منصوبے کو مکمل عملی جامہ نہیں پہنا سکے۔ پی آئی اے کا خسارہ مسلم لیگ(ن)کو ورثہ میں ملا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آکر پی آئی اے کا خسارہ کم کیا۔ ہماری حکومت نے پی آئی کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات کیے۔ ہم پی آئی اے کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں اور ادارے کو ترقی اور کامرانی کی طرف لے کر چلیں گے۔ پی آئی اے قومی اثاثہ ہے اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔نوازشریف نے کہا کہ پی آئی اے ریفرنڈم میں ایئر لیگ کو کامیاب بنائیں۔ پی آئی اے ریفرنڈم منی الیکشن ہے۔ دل لگا کر محنت کریں اور ایئر لیگ کو جتوائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ بھی ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بلند کریں۔ امید ہے کامیابی ایئر لیگ کے قدم چومے گی۔