خواجہ آصف نااہلی: حقائق آشکار ہوچکے ہیں، عمران خان

11 اپریل 2018 (18:24)

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے مقدمے کی روزانہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ مبارکباد کی مستحق ہے۔ اس کے نتیجے میں حقائق بالکل واضح اور آشکار ہوچکے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ خواجہ آصف پانی و بجلی اور دفاع جیسی بھاری بھرکم وزارتوں کا قلمدان رکھتے ہوئے دبئی کی کمپنی سے 16 لاکھ ماہانہ تنخواہ وصول کرتے رہے۔ بطور وزیرخارجہ بھی انہوں نے دبئی کی کمپنی میں ملازمت جاری رکھی جہاں وہ یومیہ آٹھ گھنٹوں کی شرح سے ہفتے میں چھ دن کام کرنے کے پابند تھے اور تنخواہ وصول کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کا وہ خفیہ بینک اکانٹ بھی پکڑا گیا جس کے ذریعے وہ اپنی اہلیہ کو نیویارک بھاری رقوم منتقل کرتے تھے۔ خواجہ آصف نے منی لانڈرنگ تو کی ہی کی مگر انہوں نے حساس ترین وزارتوں کا نگران ہوتے ہوئے مفادات کے تصادم  کے ضابطے کی بھی دھجیاں اڑائیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ حیران کن ہے کہ آٹھ ماہ قبل حقائق کے کھلنے کے باوجود نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر اور ایس ای سی پی جیسے متعلقہ ادارے کیوں ٹس سے مس نہیں ہوئے