اسلام آبادکے دیہی اور شہری علاقوں میں 3روزہ پولیومہم جاری

11 اپریل 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی دارالحکومت کے دیہی اور شہری علاقوں میں 3 روزہ پولیو مہم جاری ہے جس کے دوران 5 سال سے کم عمر کے3 لاکھ 33 ہزار 368 بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے 1230 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ سینٹرز میں تعینات ٹیموں کی تعداد 122 ہے۔ ٹرانزٹ ٹیموں کی تعداد 76 ہے اور زونل سپروائزر کی تعداد 59 ہے۔ پولیو ٹیمیں تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے ریلوے سٹیشنز، بس اڈوں اور عوامی مقامات پر موجود ہوں گی۔ پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ 33 ہزار 368 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 5 سال سے کم عمر 67 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق 26 ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی۔