شہریوں کی مشکلات کا ازالہ اور امور جلد نمٹائے جائیں، آفتاب درانی
اسلام آباد ( وقائع نگار) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیرصدارت اسلام آباد انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی سی ٹی سٹیزن سہولت مرکز اور ضلعی انتظامیہ کے ماتحت دفاتر میں پبلک ڈیلینگ امور کو جلد بلاتاخیر نمٹانے کے لئے مدت کا تعین کیاگیا تاکہ شہریوں کو باربار اپنے کاموں کے سلسلے میں دفتروں کے چکر نہ لگانے پڑیں اور وقت کا ضیاع نہ ہو ۔ چیف کمشنر اسلام آبا د نے انتظامیہ کے ماتحت محکمو ں کے سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ جو شہری اپنے کاموں کے سلسلے میں انکے دفاتر آئیں انہیں بہترین اور فوری سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی مشکلات کاازالہ کیا جائے اور امور مقررہ مدت میں نمٹائے جائیں ۔ انہوں نے مختلف امور کی مدت کا تعین کرتے ہوئے ہدایت کہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائیسنس کا اجراء اسی دن کیا جائے ۔اسی طرح ڈومیسائل کا اجراء جن والدین کے ڈومیسائل اسلام آباد کے ہیں انہیں اسی دن ڈومیسائل کا اجراء کیا جائے۔ جبکہ جن والدین کے ڈومیسائل دوسرے ضلع کے ہوں تو ا انہیں ڈومیسائل کا اجراء اسی ہفتے کیاجائے ۔چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن چار ہفتے میں کردی جائے جبکہ سمارٹ کارڈ کا اجراء تین ہفتوں میں کیا جائے۔ اسی طرح آرمز لائیسنس کی تجد ید کی مدت بھی مقر ر کردی ہے۔ اگر اس کا اجراء اسلام آبا د سے ہوا ہے تو ایک ہفتے میں تجدید ہو جائے اور جو آرمز لائیسنس وزارت داخلہ نے جاری کئے ان کے لئے تجدید کی مدت دو ہفتے مقر رکی ہے ۔ اسی طرح فرد کا اجراء سات دن میں ہو جانا چائیے اورsanctoin of mutation ایک ماہ میں مکمل کی جائے ۔ اسی طرح لینڈ رجسٹریشن تین دن میں ہو جائے۔