ذوالفقار احمد چیمہ سے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیرکی ملاقات
اسلام آباد(نا مہ نگار)سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر وائس ایڈمرل( ر) ہاشم بن صدیق نے نیوٹیک ہیڈ کوارٹرزمیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ہنر مند پاکستانیوں کو سعودی عرب بھیجنے اور وہاں معقول معاوضے پر ملازمت کے حصول جیسے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ پاکستانی سفیر نے نیوٹیک کے زیر اہتمام کرائی جانے والی تربیتی سرگرمیوں کو سراہا اور یہ عندیہ دیا کہ وہ سعودی عرب سے کچھ بڑی کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کو پاکستان بھجوائیں گے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ سعودی شخصیات کو تربیتی اداروں کا دورہ کروایا جائے گا اور وہ پاکستان میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے معیار سے یقینا متاثر ہونگے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پاکستانی سفیر سے کہا اب نیوٹیک کے زیر اہتمام بڑے اعلیٰ معیار کی ٹریننگ ہوتی ہے ہم سعودی عرب کیلئے کافی بڑی تعدادمیں ہنر مند بھیج سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں نوجوانوںکو عربی زبان سکھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔