وزیر مملکت مواصلات کابغیر پروٹوکول ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کادورہ

11 اپریل 2018

اسلام آباد(خبر نگار)وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری نے اچانک بغیر کسی پروٹوکول کے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی اسلام آباد کادورہ کیا۔ وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری نے عام شہریوں کی طرح ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لئے تمام ٹیسٹ دئیے۔تھیوری ٹیسٹ اور گرائونڈ ٹیسٹ کے بعدسڑک پر روڈ ٹیسٹ بھی دیا۔اس موقع پر انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کے کا رکر دگی کو سراہا اور ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے طریقے کار پرا طمینان کا اظہار کیا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی بغیر کسی سفارش کے ساتھ ہر شہری کو یکساں طریقے کار کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد ہی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرتی ہے۔ وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری کہا کہ موٹروے پولیس سب سے ایک جیسا برتائو کرتی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ موٹروے پولیس پاکستان کا سب سے عظیم اور منظم ادارہ ہے۔ موٹروے پولیس بغیر کسی تفریق کے اپنا کام بخوبی سر انجام دے رہی ہے۔