کامن ویلتھ گمیز ہاکی : پاکستان سیمی فائنل دوڑ سے باہر
گولڈ کوسٹ /آسٹریلیا (چودھری اشرف )پاکستان ہاکی ٹیم کا کامن ویلتھ گیمز کا سفر پہلے رائونڈ میں ہی ختم ہوگیا، گرین شرٹس کے پول سے بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔پاکستانی ہاکی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کے باوجود باہر ہوگئی ۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنا آخری پول میچ آج ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔ پول بی میں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں پاکستان ٹیم اس میچ میں نمبر پانچ سے آٹھ تک کی پوزیشن میچز کے لیے قسمت آزمائی کریگی۔ پاکستان ٹیم کے منیجر حسن سردار کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی جانب سے پہلے تین میچوں میں کافی مسنگ ہوئیں جس کی وجہ سے کامیابی نہ مل سکی تھی۔ اگر پاکستان ٹیم گذشتہ تین میچوں میں سے ایک بھی جیت جاتے تو آج کے میچ میں پوزیشن مختلف ہوتی۔ تمام کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے ملائیشیا کے خلاف کامیابی کیلیے میدان میں اتریں گے۔ ہمارا اگلا ہدف ایشین گیمز ہے۔ انگلینڈ نے ویلز اور بھارت نے ملائیشیا کو شکست دے کر پول بی میںمشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 5 گولز سے ہرا کر ‘آسٹریلیا نے کینیڈا کو 4-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔،اب اس نے ملائیشیا کیخلاف اپنا آخری پول میچ کھیلنا ہے جو کل ہوگا۔گولڈ کوسٹ میں جاری گیمز میں گرین شرٹس نے تین میچز کھیلے اور تینوں ہی ڈرا کئے ،گرین شرٹس نے پہلے ویلز سے میچ برابر کیا ،پھر بھارت سے اور اس کے بعد انگلینڈ سے ہونے والا میچ بھی دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم کیا ،اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر اپنا سکور بھی تین ہی رکھا۔امید بھارت اور ملائیشیا کے میچ میں ملائیشیا کی جیت سے وابستہ تھی لیکن بھارت یہ میچ 2۔1 سے جیت لیا اور فائنل 4 میں اپنی جگہ پکی کرلی،گرین شرٹس کے گروپ بی پر نظر ڈالیں تو بھارت اور انگلینڈ کے 7،7 پوائنٹس ہیں۔یوں بھارت سے شکست کے ساتھ ہی ملائیشیا اور پاکستانی کی ٹیمیں 3،3 پوائنٹس ہیں اوروہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔