بیڈمنٹن مقابلے: پاکستان کا مایوس کن آغاز

11 اپریل 2018

گولڈ کوسٹ/ آسٹریلیا (سپورٹس رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز میں بیڈمنٹن میں پاکستان کے مراد علی اور خاتون کھلاڑیوں پلوشہ بشیر کا مایوس کن آغاز، پہلے روز ہی سنگلز میں حریف کھلاڑیوں سے شکست کھا کر مقابلوں سے باہر ہو گئے۔ مینز سنگلز کے راونڈ 64 میں پاکستان کے مراد علی کو سری لنکا کے بوانیکا گونیتھلیکا کے ہاتھوں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس میچ کے پہلے سیٹ میں پاکستان کے مراد علی کو 16-21 سے جبکہ دوسرے سیٹ میں 19-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین کے ایونٹ میں پاکستان کی سابق نمبر ون پلوشہ بشیر کو موریشس کھلاڑی نکی کے ہاتھوں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں موریشس خاتون کھلاڑی کی فتح کا سکور 21-18 اور 21-12 رہا۔ مکسڈ ڈبلز میں پاکستان کے مراد علی اور ماحور شہزاد کو سکاٹ لینڈ جوڑی کے ہاتھوں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں پاکستانی مکسڈ ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں 5-21 اور 6-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویمنز سنگلز میں پاکستان کے نمبر ون ماحور شہزاد نے فجی کے ڈین علیشا کو سٹریٹ سیٹ میں مات دیکر اگلے راونڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔ ماحور نے 21-12 اور 21-3 سے کامیابی اپنے نام کی۔ مینز ڈبلز میں پاکستان کے محمد عرفان سعید اور مراد علی کو میزبان آسٹریلوی جوڑی کے ہاتھوں دو صفر سے شکست کھانا پڑی۔ مکسڈ ڈبلز میں پاکستان کے عرفان سعید اور پلوشہ نے موریشس جوڑی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم موریشس جوڑی نے مقابلہ دو ایک سے اپنے نام کر لیا۔ اس میچ میں پاکستان ٹیم کی جوڑی نے پہلا سیٹ 21-18 سے اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں 21-17 اور 21-19 کے سکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔