پاکستانی سکواش کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی

11 اپریل 2018

گولڈ کوسٹ/ آسٹریلیا(سپورٹس رپورٹر) کامن ویلتھ گیمز کے سکواش ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک جوڑی کامیاب جبکہ تین جوڑیوں کو شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ فرحان زمان اور فضہ ظفر پر مشتمل جوڑی نے گیانا کی مکسڈ جوڑی کو شکست دیکر اگلے راونڈ میں رسائی حاصل کی۔ ویمنز ڈبلز کو بھارت کے ہاتھوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایکسن فورڈ کے سکواش کورٹ میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں پاکستان کی مدینہ ظفر اور فضہ ظفر کو بھارت کی جوشنا اور دیپکا پر مشتمل جوڑی نے دو ایک سے مات دی۔ اس میچ میں پاکستان کی مدینہ ظفر اور فضہ ظفر نے پہلا سیٹ سخت مقابلے کے بعد 11-10 سے اپنے نام کیا تاہم دوسرے اور تیسرے سیٹ میں انہیں یکطرفہ مقابلے میں 11-0 اور 11-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پول ای کے مکسڈ ڈبلز میں پاکستان کے طیب اسلم اور مدینہ ظفر پر مشتمل جوڑ ی کو بھارتی جوڑی کے ہاتھوں دو صفر سے مات ہوئی۔