کھیلوں سے امن و ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ (صباح نیوز)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کھیلیں امن اور ترقی کو فروغ دے سکتی ہیں، ہمیں مثبت تبدیلیوں کے لئے دنیا بھر میں موجود مختلف کھیلوں کے چیمپیئنز کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ڈرگز اینڈ کرائم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوری فیدوتوف نے عالمی ادارے کے صدر دفتر میں کھیلوں کے ذریعے جرائم کا انسداد اور پائیدار ترقی کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ کھیلیں تشدد اور جرائم میں کمی کر کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ترقی اور امن کے لئے کھیلوں کے عالمی دن کے حوالے سے آگا ہی پیدا کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر ہمیں مثبت تبدیلیوں کے لئے دنیا بھر میں موجود مختلف کھیلوں کی چیمپیئنز کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں، اولمپک گیمز اور ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹس کو نوجوانوں کو متحرک کرنے اور فاصلے مٹانے کے لئے موثر انداز میں بروئے کار لایا جاسکتا ہے اس لیے ہمیں ایسی تقریبات کو تحمل ، دوسروں کے احترام اور امن جیسی اقدار کے فروغ کے لئے استعمال کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنا چاہئیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے بھی خطاب کیا۔