ڈیڈ لائن کی کیا ضرورت‘ کارکن تھا‘ ہوں اور رہوں گا‘ فاروق ستار

11 اپریل 2018

کراچی(خصوصی رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے ڈیڈ لائن کی باتیں مناسب نہیں اور وہ مسئلے کو جتنا جلدی حل کرلیں اچھا ہوگا۔ سربراہ بہادر آباد گروپ کے خالد مقبول صدیقی کی جانب سے واپسی کے لئے دی گئی ڈین لائن پرردعمل دیتے ہوئے فاروق ستار نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈین لائن کی کیا ضرورت تھی کارکن تھا‘ کارکن ہوں اور رہوںگا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہناتھا کہ خالد مقبول صدیقی کے پاس مینڈیٹ نہیں وہ بھی آج میری طرح نمائشی سربراہ ہیں جبکہ جماعت اورقوم کوبچانے کے لئے رابطہ کمیٹی کوقربانی دینی چاہئے۔ تاہم آج کارکنان کی دل آزاری کی گئی اور جو کچھ ہے کارکنان کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی دو تہائی ا کثریت میرے پاس ہے‘ نہ خالد مقبول کے پاس ہے بلکہ دو تہائی اکثریت کسی اور کی جیب میں چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی خود بااختیار نہیں‘ ان کی مذاکرات کے حوالے سے بات حقائق کے منافی تھی‘ جبکہ ان کا لہجہ مفاہمتی اورمصالحتی تھا۔