نیپرا کا کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس

11 اپریل 2018

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں 10 گھنٹے تک اضافی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا اور معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔نیپرا نے اضافی لوڈ شیڈنگ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی بھی قائم کردی۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیپرا نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کیالیکٹرک کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی 11 سے 13 اپریل تک کراچی کا دورہ کرے گی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی عوامی شکایات کا جائزہ لے گی۔اعلامیے کے مطابق صورتحال پر کے الیکٹرک کی طرف سے دی جانے والی وضاحتیں اطمینان بخش نہیں ہیں۔واضح رہے کہ کراچی میں درجہ حرارت بڑھتے ہی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے، دن اور رات کے اوقات میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔