امیدواران اپنی کارکردگی مزید بہتربناتے ہوئے عوامی رابطے تیزترکردیں،شمس الرحمن

11 اپریل 2018

راولپنڈی( نوائے وقت رپورٹ)جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کی مجلس شوریٰ کااجلاس امیرضلع شمس الرحمن سواتی کی زیرصدارت ضلعی سیکرٹریٹ بالمقابل ہائیکورٹ بلڈنگ میں ہوا ،اجلاس میں تنظیمی ،سیاسی ،تربیتی اور مالیاتی امورکاجائزہ لے کرآئندہ کیلئے پلاننگ کی گئی ، اجلاس کا اہم ایجنڈاالیکشن 2018ء کی تیاریوں اورنامزدامیدواران کی کا رکردگی کاجائزہ تھا ،امیرضلع نے ارکان شوریٰ اورامرائے زون کوہدایتکی کہ وہ اپنی تمام ترسرگرمیوں کا مرکزومحورعام انتخابات کوبنائیں اورامیدواران اپنی کارکردگی کو مزید بہتربناتے ہوئے عوامی رابطوں کوتیزترکردیں ۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،نائب امرائے ضلع راجہ محمدجواد،امتیازعلی اسلم،ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی، امرائے زون ، نامزدامیدواران سمیت ضلع بھرسے منتخب شوریٰ بھی اجلاس میں شریک تھے ۔شمس الرحمن سواتی نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ قوم کیلئے علماء کے علاوہ اورکوئی متبادل نہیں دینی قوتوں نے متحد ہوکربروقت اوردرست فیصلہ کیا ،متحد ہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم کوازسرنوفعال کرنے سے نام نہاد بڑی پارٹیا ں اور تبدیلی کے نام پرکرپٹ اشرافیہ کواپنے گرد جمع کرنے والے پریشان ہیں۔70برسوں سے پارٹیاں بدل بدل کرمختلف رنگوں کے جھنڈے اٹھانے والے بددیانت اور نااہل سیاستدانوں کوجب بھی حکومت ملی انھو ں نے عوام کی محرومیوں کاازالہ کرنے کی بجائے ملکی دولت لوٹ کربیرون ملک منتقل کی ۔موجود ہ حکمران باربارمنتخب ہونے کے باوجو د عوام کوتعلیم ،صحت،صاف پانی اور بجلی وگیس جیسی بنیادی ضروریات بھی فراہم نہ کرسکے ،چیف جسٹس کی جانب سے پانی ،صحت اور تعلیم پر ایکشن سے گڈگورننس کے دعوے زمین بوس ہوگئے،لیگی حکمران اپنی اصلاح اورعوام کی محرومیوں کودورکرنے کی بجائے عدلیہ پرحملہ آورہیں۔انھوں نے کہاکہ عوام نے باربارکرپٹ اوربددیانت لوگوں کواپنے سروں پر مسلط کیا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عام انتخابات میں درست فیصلہ کرکے صادق وامین اوردیانت دارقیادت کاانتخاب کریں تاکہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی حقیقی اسلامی وفلاحی ریاست کا خواب تعبیرپاسکے ۔انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کوقومی دھارے میں لاکر50فیصد ٹکٹ ان کے حوالے کردئیے ہیں پاکستان کی تقدیربدلنے او راسے اسلامی وخوشحال بنانے کیلئے نوجوان سینٹرسراج الحق کی قیادت میں اہم کرداراداکریں گے۔