قندوز میں حافظ قرآن بچوں پر بمباری انسانیت کے قتل عام کے مترادف ہے

11 اپریل 2018

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) اسلامی جمعیت طالبات راولپنڈی کی ناظمہ ازکیٰ نور نے کہا ہے کہ قندوز میں حافظ قرآن بچوں پر بمباری انسانیت کے قتل عام کے مترادف ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے دعویداروں کے اقدامات نے دنیا کو انسانوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں اور او آئی سی کو امت مسلمہ کے تحفظ کے لیے توانا آواز کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ گزشتہ 17سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں مسلم ممالک میں آتش و خون کا جو کھیل کھیلا جا رہا ہے، اس سے دنیائے عالم کا امن و سکون برباد ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم کی تعلیمات کو فراموش کرنے کا نتیجہ ہے کہ اربوں کی تعداد میں مسلمان ہونے کے باوجود ان کی حیثیت دریا میں تنکے کے سوا کچھ نہیں اور تمام تر وسائل کے باوجود ہمارا شمار پسماندہ قوموں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور مسلم ممالک پر مشتمل ایک مضبوط اقتصادی بلاک کے قیام کے لیے پاکستان کو پہل کرنی چاہیے۔