کارکردگی کو جانچا جائے تو الیکشن میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی: گورنر پنجاب

11 اپریل 2018

ملتان (نوائے وقت نیوز) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ آج کے عوام سیاسی شعور رکھتے ہیں وہ محض دعووں ہی کی نہیں بلکہ سیاسی رہنماؤں کو اُن کی کارکردگی پر پر کھتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے میں کہیں بہتر اور ترقی یافتہ ہے اور اگر کارکردگی کی بنیاد پر اس کو جانچا جائے تو 2018 ء کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ(ن) ہی کامیاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران کی قیادت میں ساہیوال ٹریڈرز ونگ کے 32رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہو ںنے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں صدر پنجاب ٹریڈ رزونگ محمد علی میاں اور جنرل سیکرٹری زبیر احمد انصاری موجود تھے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ ہمارے دَور حکومت میں پاکستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز پارٹی کا اثاثہ ہیںاور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کوعزت و تحفظ دیا ہے ۔انہو ںنے کہا کہ ہمیں الزام تراشی اور گالی کی سیاست سے اجتناب برتنا چاہیے، ہم سیا ست میں اخلاقیات کے قائل ہیں ۔ بعد ازاں ،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ایکسپو سینٹر میں تین روزہ’’ پانچویں انٹرنیشنل فارما نمائش 2018ئ‘‘ کا افتتاح کیا۔ گورنر پنجاب نے وہاں پر لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے مریضوں کو علاج معالجے کی جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبہ کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔