نیب آج کیپٹن صفدر کی ضمانت کیخلاف اپیل دائر کریگا

11 اپریل 2018

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں نیب آج بروز بدھ کوسابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے داماد اور پانامہ پیپرز لیکس کیس کے ملزم کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ہونے والی ضمانت کے خلاف اپیل دائر کرے گا ، یہ اپیل گزشتہ روز دائر کرنی تھی تاہم کچھ ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر دائر نہ ہوسکی تاہم نیب کے سپیشل پراسیکویٹر جنرل سید عمران الحق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اپیل کا پراسس مکمل کیا جارہا ہے ،منگل کے روز ،متعلقہ اے او آر نے اپیل تیار کرلی لیکن بوجوہ جمع نہیں کروائی جاسکی اور قوی امکان ہے کہ آج سپریم کورٹ کی انسٹیٹیوشن برانچ میں جمع کروادی جائے گی ،،یاد رہے کہ نیب حکام نے احتساب عدالت سے منظور ہونے والی ضمانت کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی ، جسے ڈویڑن بنچ نے خارج کردیا تھا۔