جنوبی پنجاب میں عازمین حج کی تربیت جاری‘ تیسری ورکشاپ آج ہو گی
ملتان (نامہ نگار) وزارت مذہبی امور کی جانب سے جنوبی پنجاب میں عازمین حج کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز آرٹس کونسل ملتان میں دوسری حج ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت حج ڈائریکٹر ریحان عباس کھوکھر نے کی جبکہ مہمان خصوصی بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید نثار شاہ تھے۔ ملتان میں ہونے والی دوسری حج ٹریننگ کے دوران سید امتیاز شاہ‘ محمد سلیم بلالی‘ ریحان قادری اور دیگر عازمین حج کو مناسک حج کے حوالے سے تربیت دی۔ ورکشاپ سے اجمل فاروق باجوہ‘ رانا محمد آصف‘ نواب خان‘ رانا محمد سلیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مناسک حج کے متعلق درست جواب دینے والے عازمین کرام کو حج کٹ پر مشتمل ٹرالی بیگ سے بھی نوازا گیا ملتان میں تیسری حج تربیتی ورکشاپ آج آرٹس کونسل ملتان میں منعقد ہو گی۔