عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی محصولات کے بغیر ممکن نہیں:عائشہ غوث پاشا

11 اپریل 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ٹیکس ڈے کا انعقاد ایک انقلابی اقدام ہے جو عوام کو ملکی معیشت میں محصولات کی اہمیت اور بطور سٹیک ہولڈز ٹیکس دہندگان کو ان کی اہمیت سے آگاہ کرے گا، ٹیکس کی ادائیگی عوام کی قومی ذمہ داری اور اس کا درست استعمال حکومت کا منصبی فریضہ ہے جسے حکومت پنجاب بخوبی نباہ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام ٹیکس کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشانے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت، تعلیم ، تحفظ اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی اور زعی شعبہ کی بحالی جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، محصولات کے بغیر ممکن نہیں۔ تاہم حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ اس ضمن میں صوبائی سطح پر ٹیکس اکٹھا کرنے والے تمام ادارے بالخصوص پنجاب ریونیو اتھارٹی بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے گڈگورننس میں ٹیکس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کئیر سسٹم، ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ، میٹرو بس اور اورنج لائن جیسے عوام دوست منصوبے محصولات ہی کے ثمرات ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر راحیل صدیقی نے ٹیکس کلچر میں تبدیلی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزارت خزانہ کے مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پی آر اے ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے سروے کے جدید طریقے متعارف کروا رہی ہے۔