مختلف سیکٹرز کی 4 ترقیاتی سکیموں کیلئے ایک ارب 29 کروڑ روپے کی منظوری

11 اپریل 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے59ویں اجلاس میں مختلف ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی4 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 1 ارب 29کروڑ 83لاکھ 25ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان نے کی۔

جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے59ویں اجلاس میںجن4ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع حافظ آباد میں 7مختلف ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 9 کروڑ 2 لاکھ 68 ہزار روپے، حافظ آباد میں 3 لنک روڈ تا ویلج کولو تارڑ (لمبائی 3.25کلومیٹر) روڈ کی تعمیر کیلئے 4 کروڑ 56 لاکھ 33 ہزار روپے، ملتان میں ایم ڈی اے چوک تا ڈیرہ اڈہ چوک کو دو رویہ اور کشادگی و بہتری کیلئے 57 کروڑ 47 لاکھ 21 ہزار روپے اور ساہیوال شہر تا جھل روڈ ریلوے اسٹیشن کراسنگ تک فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 58 کروڑ 77 لاکھ 3 ہزار روپے شامل ہیں۔