پولیس تشدد‘ قبضہ گروپ کی دھمکیاں‘ چونگی نمبر9پر شہری نے خود کو آگ لگا دی

11 اپریل 2018

ملتان (خبرنگارخصوصی) ڈی جی خان پولیس کے تشدد اور قبضہ گروپ کی دھمکیوں سے تنگ آ کر ایک شخص نے چونگی نمبر9 پر خود کو آگ لگا دی۔ تفصیل کے مطابق درخواست جمال کا رہائشی رحمت اﷲ گزشتہ روز چونگی نمبر9 پہنچا اور خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جس سے وہ 50فیصد جھلس گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے آگ بجھائی۔ ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد دے کر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ رحمت اﷲ کے مطابق ان کی وراثتی زمین پر قبضہ گروپ نے قبضہ کر لیا ہے مقدمہ درج کرانے کے باوجود پولیس نے ملی بھگت کرکے مقدمہ خارج کر دیا الٹا اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔