ملتان سمیت مختلف شہروں میں مطالبات کے حق میں اساتذہ کے مظاہرے

11 اپریل 2018

ملتان‘ مظفرگڑھ‘ خانیوال‘ وہاڑی (نمائندہ نوائے وقت‘ نمائندوں سے) پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام ملتان‘ مظفرگڑھ‘ خانیوال اور وہاڑی میں احتجاجی مظاہرے‘ ریلیاں نکالی گئیں۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام تنخواہوں میں اضافہ اور 2008ء سے منجمد ہاؤس رینٹ بحال کرنے سمیت دیگر مطالبات کے حق میں نواں شہر چوک سے ملتان پریس کلب تک اساتذہ نے احتجاجی ریلی نکالی اور 17 اپریل تک مطالبات تسلیم نہ کئے جانے پر پارلیمنٹ ہاؤس تک لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ احتجاجی ریلی میں اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وفاقی و صوبائی حکومت سے فی الفور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئر نائب صدر پنجاب رانا الطاف حسین اور ضلعی صدر ملتان طاہر وڑائچ نے کی جبکہ ریلی میں دیگر اساتذہ رہنماؤں عابد فرید بزدار‘ اشفاق انصاری‘ سرور قریشی‘ ملک الطاف احمد‘ رانا عبدالقیوم نازش‘ مہر اقبال‘ اللہ دتہ دھرالہ‘ ملک عبدالغفار‘ طارق ملک‘ مختار وینس‘ محمد بلال‘ حافظ عبداللہ و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اساتذہ رہنماؤں رانا الطاف حسین‘ چوہدری محمد حسین طاہر وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بجٹ سے پہلے اساتذہ کی تنخواہوں میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر 100 فیصد اضافہ کرے اور 2008ء سے منجمد ہاؤس رینٹ بحال کیا جائے۔ حکومت فوری طور پر 2008ء سے منجمد ہاؤس رینٹ بحال کرے‘ بناولٹ فنڈ کی امداد میں 100 فی صد اضافہ‘ گروپ انشورنس پر میچورٹی کلیم‘ پے پیکج کی بحالی یا ٹائم سکیل کے نفاذ کا فوری اعلان‘ تنخواہوں میں دی جانے والی تمام عبوری امداد کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے‘ ایم سی کیڈر کے تمام اساتذہ کی ان سروس پرموشن کو یقینی بنایا جائے۔ پنجاب ٹیچر زیونین مظفرگڑھ کا ایک احتجاجی دھرنا زیر قیادت ضلعی صدر امام دین ملک بمقام فیاض پارک نزد مظفرگڑھ پریس کلب مظفرگڑھ منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی۔ ضلع صدر امام دین ملک نے احتجاج میں شریک اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی اساتذہ / تعلیم کش پالیسیوں کی وجہ سے اساتذہ کا وقار بری طرح متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے تعلیم و تربیت متاثر ہو رہی ہے۔سیکرٹری تعلیم پنجاب نے عمرہ کی رخصت پر جو غیر اعلانیہ پابندی لگائی ہے ختم کی جائے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام اساتذہ خانیوال کاضلعی صدر عبدالطار ق نیازی کی قیادت میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ جس میں قاضی مقبول احمد چیئرمین اساتذہ محاذ‘ملک محمد انوار اسلم ‘چوہدری نثار احمد صدر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن خانیوال ‘غلام یاسین قادری صدر ایس ای ایس خانیوال سمیت اساتذہ نے بھرپو رشرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر عبدالطار ق نیازی نے کہا کہ اساتذہ پاکستان کے لیے یکساں سروس سٹرکچر دیا جائے ۔ پنجاب ٹیچرز یونین ضلع وہاڑی کی طرف سے حکومتی غلط تعلیمی پالیسیوں کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیااوردھرنادیا مظاہرین میں خواتین ومرداساتذہ کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدرپی ٹی یوملک الطاف نائچ،ضلعی صدرارشادعزیز،صوبائی ایڈیٹرمہرمحمداشرف،راناتصورعلی،صوفیہ نورین،ثمینہ یاسمین اورشاہین طاہرنے کہاکہ وہاڑی میں ایل این ڈی ایکٹ کی آڑمیں اساتذہ کی تذلیل کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ ایل این ڈی ٹیسٹ خوفناک بنانے کی بجائے طالبعلم دوست بنایا جائے۔