ایاز سومرو کا انتقال‘ قومی اسمبلی اجلاس تعزیتی قرارداد کے بعد ملتوی
اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کا اجلاس لاڑکانہ سے پی پی پی کے رکن ایاز سومرو کے انتقال کے سوگ میں دعا اور تعزیتی قرارداد کے بعد ملتوی کر دیا گیا۔ منگل کو افغانستان، فلسطین، کشمیر میں حالیہ واقعات میں شہید افراد کے لئے دعا کی گئی۔ پی پی پی کے مرحوم ایم این اے ایاز سومرو کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لئے بھی دعا کی گئی جبکہ ایاز سومرو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تعزیتی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا ایاز سومرو کے انتقال کے سوگ میں کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے سپیکر ایاز صادق یوم دستور کے حوالے سے اپنا بیان نہ پڑھ سکے۔ وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے ایاز سومرو اور دیگر مرحومین کے لئے دعا کروائی۔ چودھری نثار نے علالت کے باوجود قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔