نجی لاء کالجز الحاق کیس، پنجاب، بلوچستان کے کمیشنز ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرائیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد(صباح نیوز) نجی لاکالجز کے یونیورسٹیز سے الحاق سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کی توصوبہ سندھ اور خیبرپی کے کے صوبائی بارکونسلز کے کمشنز کی رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئیں،عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب اور بلوچستان کے کمشنز بھی ایک ہفتے کے اندر رپورٹ جمع کروائیں اور فیصل آباد ڈویژن کو پنجاب یونیورسٹی کے دائرہ اختیار میں شامل کیاجائے۔عدالت نے اسلام آباد بار کونسل کومقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔اس دوران جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ براہ راست نئی درخواستیں نہیں لی جائیں گی جس کوجوبھی شکایت ہوپاکستان بار کونسل سے رجوع کرے۔اس دوران مختلف نجی کالجزکے وکلانے 21مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تو جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ بارکونسل کے کمشنز کی رپورٹس آنے کے بعد نظر ثانی پر غور کیاجائے گا بار کونسلز اور یونیورسٹیز کے ذریعے لاکالجز کاجائزہ لینے کامقصد غیرمعیاری کالجز کی نشاندہی ہے۔کیس کی سماعت 24اپریل تک ملتوی کردی گئی ہے۔