’’موسمی پرندوں‘‘ کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی: لیگی رہنماؤں کا ردعمل

11 اپریل 2018

ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ’’ن‘‘ چھوڑکر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ قائم کرنے والے پارلیمنٹیرین سے متعلق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ’’ن‘‘ چھوڑنے والے پارلیمنٹیرینز نے 5 سال تک فنڈز لئے اور علاقہ کی خدمت نہ کی۔ اب علاقہ میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے ایسا اقدام اٹھایا گیا۔ لیگی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ’’ن‘‘ کو چھوڑکر جانے والے ان موسمی پرندوں کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔ مسلم لیگ ’’ن‘‘ کی حکومت نے ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ان رہنماؤں نے نوائے وقت سے اپنی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ’’ن‘‘ شیخ اطہر ممتاز نے کہا کہ ’’ن‘‘ لیگ سے مراعات لینے والے مشکل وقت میں بدل گئے۔ ہم ’’ن‘‘ لیگ چھوڑنے والوں کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ ’’ن‘‘ حاجی ارشد بوٹا نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے مثالی ترقیاتی کام سرانجام دئیے گئے۔ پارٹی چھوڑنے والوں نے بہانہ ہی ٹھیک نہیں بنایا۔ ضلعی سینئر نائب صدر شاہد مختار لودھی نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کو اپنا دوسرا گھر بنا لیا ہے۔ رہنما مسلم لیگ ’ن‘ عابد باکسر نے کہا کہ بلوچستان کے بعد جنوبب پنجاب میں اسی طرز کا اقدام ٹھایا گیا ہے۔ مسلم لیگ ’ن‘ یوتھ ونگ کے رہنما عبدالرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے نام پر 5 سال تک اقتدار کا مزہ لوٹنے کے بعد یکایک آخری ماہ میں جنوبی پنجاب پنجاب کا درد جاگ جانا عجیب بات ہے۔ یو سی چیئرمین شیخ ندیم اکبر نے کہا کہ آج عوام کو بات کرنے والوں کی سزا دی جا رہی ہے۔ یو سی چئرمین ماسٹر سعید انصاری نے کہا کہ جلد ہی ’’ن‘‘ لیگ اس راز سے پردہ اٹھا دے گی۔ رہنما مسلم لیگ مسعود قریشی نے کہا کہ عوام نے پارٹی چھوڑنے والوں کو چھوڑ دیا ہے۔