خانیوال: فرخ ڈاہا نے ن لیگ کے 3 ٹکٹ ملنے کا دعویٰ کردیا

11 اپریل 2018

خانیوال (نمائندہ نوائے وقت ) کون سچا کون جھوٹا ، خانیوال کی سیاست میں ڈرامہ بازیاں عروج پر ، اعلیٰ قیادت کی جانب سے ٹکٹوں کی کنفرمیشن کے بڑے بڑے پینا فلیکس آویزاں ، خانیوال میں (ن) لیگ گراف کمزور ہونے لگا ، ہارے ہوئے کونسلر کا تین سیٹوں کی ٹکٹیں ملنے کا اعلان شہر بھر میں بڑے بڑے پینا فلیکس آویزاں کردیئے گئے تفصیل کے مطابق چند روز قبل ایم پی اے خانیوال حاجی نشاط احمد خان ڈاہا نے بتایا کہ انہیں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے NA151 اور پی پی 206 کی ٹکٹوں کے حوالے سے گرین سگنل دے دیا ہے ۔جس کے بعد فرخ خان ڈاہا جوکہ اپنے حلقے سے کونسلر کی سیٹ پر پر بھی کامیاب نہ ہوسکے تھے انہوں نے ایک تقریب کے دوران بتایا کہ انہیں پارٹی قیادت نے این اے 151 ،پی پی 206 اور پی پی 205 کی ٹکٹیں دینے کا اعلان کردیا ہے جبکہ یہ خبر پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور شہر بھر میں بڑے بڑے پینا فلیکس بورڈز آویزاں کردیئے گئے ۔ جسے خانیوال شہر کی عوام نے خانیوال کی سیاست میں ڈرامہ بازیوں کا نام دیا ہے ۔یاد رہے فرخ ڈاہا بلدیاتی انتخابات میں کونسلر کی سیٹ پر الیکشن لڑرہے تھے اور اپنے حلقے میں کونسلر کی نشست پر بری طرح شکست سے دوچار ہوئے تھے خانیوال کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے سوال کیا ہے کہ کیا اپنے ہی حلقے میں ہارا ہوا کونسلر قومی اور صوبائی حلقوں کی نشست پر کامیاب ہوسکے گا ۔