سکیورٹی افسروں پر تشدد کرنیوالے 5 چینی انجینئر ملک بدر ،خصوصی طیارے کے ذریعے واپس بھیج دیا

11 اپریل 2018

لاہور (این این آئی) سکیورٹی افسران پر تشدد کرنے والے 5 چینی انجینئرز کو ملک بدر کردیا گیا ،پانچوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے واپس بھجوایا گیا۔ سکیورٹی افسران کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے نورپور سائٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز بغیر سکیورٹی کیمپ سے باہر جانا چاہتے تھے جس پر ان سے تلخ کلامی ہوگئی جو ہاتھا پائی پر جاپہنچی۔انجینئرز نے سکیورٹی افسران پر تشدد کیا اور جوتوں سمیت پاکستانی پرچم والی گاڑی پر چڑھ گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق کمشنر ملتان کی انکوائری رپورٹ کے بعد وزارت داخلہ نے انجینئرز کو ملک بدر کا حکم جاری کیا اور انہیں گاڑیوں کے ذریعے لاہور لایا گیا اور خصوصی طیارے کے ذریعے ملک بدر کردیا گیا۔ ملک بدر کئے جانے والوں میں کنٹری پراجیکٹ منیجر ولبنگ، ایڈمن آفیسر تی آن ویجون، میٹریل انجینئر مسٹرہوئی لیو، فنانس آفیسر وانگ بیفن اور فیلڈ انجینئرسٹرتان ینگ شامل ہیں۔