’’پانی کا ضیاع ملک میں بڑے بحران پیداکریگا‘‘
کراچی(کامرس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف سرٹیفائیڈ چارٹرڈ اکائونٹنٹس (اے سی سی اے) نے ملک کے کاروباری طبقے پر زو ردیا ہے کہ وہ ملک میں پانی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے کردار ادا کریں۔ جب تک پانی کے ذخائر میں اضافہ اور پانی کے اثاثے کو محفوظ کرنے کے لئے فوری اقدامات نہیں کئے جائیں گے، بڑھتی ہوئی شہری آبادیوں، صنعتوں اور آبادی میں اضافے کی وجہ سے پانی کا ذخیرہ تیزی کے ساتھ کم ہوتا جائے گا۔ عالمی یوم آب کے موقع پر اے سی سی اے نے کاروباری شخصیات پر زور دیا ہے کہ وہ پانی کے انتظام اور بچت کے لئے سنجیدہ اور پائیدار حکمت عملی اختیار کرے۔ اے سی سی اے MENASA کے لئے ہیڈ آف پالیسی عارف مسعود مرزا نے پاکستان بزنس کونسل کے سینٹر آف ایکسیلنس اینڈ رسپانسبلٹی بزنس (سی ای آر بی) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے سی سی اے پانی کے معاملہ کے حوالے سے مربوط سوچ اور رپورٹنگ کی پرجوش حامی ہے۔