ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی

11 اپریل 2018

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے ابصار عالم کی بطور چیئرمین پیمرا تعیناتی کو کالعدم قرار دیا تھا جس پر سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی۔ اپیل میں ابصار عالم نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے حقائق اور قوانین کے برعکس ان کی تعیناتی کے خلاف فیصلہ دیا لہٰذا ہائیکورٹ سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر انہیں واپس عہدے پر بحال کرے۔ دو رکنی بنچ نے اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ جب ابصار عالم عہدہ چھوڑ چکے ہیں تو اپیل کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ سرکاری وکیل نے دلائل دیئے کہ حکومت چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کے لیے قانون سازی کر رہی ہے اور اب اسی قانون کے مطابق نئے چیئرمین کی تعیناتی کا عمل شروع ہو گا۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب حکومت نیا چیئرمین پیمرا تعینات کر رہی ہے تو پھر اپیل پر کارروائی کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔