چاول کی بر آمدات میں9 ماہ کے دوران 29فیصداضافہ
کراچی(کامرس رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان(ریپ)کے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے ماہ مارچ 2018کے اختتام پر چاول کی برآمدات کے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں موجودہ مالی سا ل جولائی تا مارچ 2018میں چاول کی بر آمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ موجودہ مالی سال میں ہم نے29لاکھ53ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا ہے جس کی مالیت تقریباََ ایک ارب 41کروڑ ڈالر ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں اسی عرصے کے دوران ہم نے 25 لاکھ36ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا تھا جسکی مالیت تقریباََ ایک ارب 9کروڑ ڈالر تھی یعنی اس سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 16فیصد اور مالیت کے حساب سے 29فیصد ترقی ہوئی ہے ۔ رفیق سلیمان نے چاول کی بر آمدات میں نمایاں اضافے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے چاول کی بر آمدات خصوصی باسمتی چاول شدید بحران کا شکار تھی اب ریپ کے ممبران کی مسلسل اور انتھک محنت سے ہم اس بحران سے نکل چکے ہیں ۔ اسکے علاوہ ٹی ڈی اے پی ، ریپ اور کسٹم کے عہدیداران کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے بھی چاول کی بر آمدات کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہو ا ہے ۔ ریپ کے عہدیداران اور چاول کے ممتاز بر آمد کنندگان پاکستانی چاول کیلئے نئی مارکیٹوں کی تلاش کیلئے دنیا کے کئی ممالک میں تجارتی وفود کی شکل میں دورہ کر رہے ہیں اس سلسلے میں باسمتی چاول کا ایک اہم تجارتی وفد چیئرمین ریپ ،چوہدری سمیع اللہ کی قیادت میںا سوقت ایران کا دورہ کر رہا ہے ۔