یارن کی قیمتوں میں اضافہ سے پولیسٹر انڈسٹری کو خطرات لاحق

11 اپریل 2018

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما)کے مرکزی چیئرمین خورشید اے شیخ،زونل چیئرمین محمداسلم موتن اور زونل وائس چیئرمین محمد خالداقبال گڈر نے یارن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔پائما کے عہدیداران نے حکومت سے کی گئی اپیل میںبرآمدی صنعتوں کے بنیادی خام مال یارن کی پیدواری طلب کے مطابق عدم دستیابی کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی فلامنٹ یارن مینوفیکچررز حکومت کی جانب سے درآمدی پولیسٹر یارن پر عائد کی گئی ریگولیٹری ڈیوٹی کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کے نتیجے میں یارن کی قیمتوں میںبے پناہ اضافہ ہو گیاہے اورمقامی پولیسٹر فیبرک انڈسٹری کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔پائما عہدیداران نے کہا کہ مقامی فلامنٹ یارن مینوفیکچررز ملکی صنعتوں کی پیداواری طلب کو پورا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔جس کی وجہ سے مقامی پولیسٹر فیبرک انڈسٹری کو درآمدی خام مال پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔