محنت کی کمائی : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4.6ارب ڈالر وطن عزیز میں بھجوادیئے

11 اپریل 2018

کراچی(کامرس رپورٹر)مالی سال 18ء کے ابتدائی نو ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے 14.6 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیج دیں۔تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 18ء کے پہلے نو ماہ (جولائی تا مارچ) میں14606.41ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے، جو اس میں 3.56فیصد کی نمو کو ظاہر کرتا ہے جبکہ گذشتہ برس کی اسی مدت میں 14105.03ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔مارچ 2018ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت1772.77ملین ڈالر تھی جو فروری 2018 ء کے مقابلے میں 22.24 فیصد، اورمارچ 2017ء کے مقابلے میں 4.62 فیصد زیادہ ہیں۔ بلحاظ ملک مارچ 2018ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ،برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب427.62 ملین ڈالر420.24ملین ڈالر،236.17ملین ڈالر، 244.2 ملین ڈالر، 183.79 ملین ڈالر، اور 58.89 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے،جبکہ مارچ 2017ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 504.61 ملین ڈالر، 362.94ملین ڈالر ، 213.42ملین ڈالر، 209.14 ملین ڈالر،197.21 ملین ڈالر اور38.85 ملین ڈالر تھیں۔ مارچ 2018ء کے دوران ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر201.86 ملین ڈالر رہیں جبکہ مارچ 2017ء میں ان ملکوں سے 168.32 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔