وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 10 جون تک فنکشنل کیا جائے: ہائیکورٹ

11 اپریل 2018

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے 10جون تک وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو فنکشنل کرکے رپورٹ داخل کر نے کا حکم دے دیا ہے۔ہائی کورٹ نے ڈسکہ کے گوہر نواز سندھو کی درخواست پر حکم جاری کیا۔ پٹیشن میں کہا گیا تھا کہ محکمہ صحت کی سست روی کی وجہ سے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ڈبلیو آئی سی)فنکشنل نہیں ہو رہا ہے سینکڑوں مریض پریشانی میں مبتلا ہیں۔ لاہورہائی کورٹ نے ڈبلیو آئی سی کی انتظامیہ اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کوبمعہ شیڈول اور ریکارڈ وضاحت کیلئے طلب کیا۔ڈبلیو آئی سی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتال کو فنکشنل کرنے کے لئے دو ماہ کی مہلت مانگ لی اور ہسپتال کو 10جون تک فنکشنل کرنے کا شیڈول بھی دے دیا۔ یاد رہے کہ کارڈیالوجی سنٹر کو فنکشنل کر نے کے لئے متعدد بار شیڈول دیا گیا لیکن مختلف انتظامی اور غیر انتظامی وجوہات کی بنا پر ہسپتال مکمل نہ ہو سکا۔