جوہر ٹائون:کار سے 30 کلو چرس برآمد، خاتون سمیت 3 ملزم گرفتار

11 اپریل 2018

لاہور(نامہ نگار)جوہرٹاؤن میںپولیس ریسپانس یونٹ(پیروفورس) نے دورانِ چیکنگ مشکوک کار سے 30کلو چرس برآمدکر کے خاتون سمیت 3ملزمان گرفتارکر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ریسپانس یونٹ نے جوہرٹاؤن کے علاقہ میں ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیورنے رکنے کی بجائے گاڑی بھگا دی جس پرپولیس نے تعاقب کرکے کار کو روک لیا۔ دورانِ تلاشی کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 30کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے کار سوار ملزمان شمائلہ، عثمان اور طارق کو منشیات سمیت کارروائی کے لیے تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ایس پی مجاہد و ڈولفن ندیم کھوکھر نے پیرو 108کی تمام گارد کو تعریفی اسناد دینے کا حکم دیا ہے۔