اہم عمارتوں، عبادتگاہوں، تنصیبات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے:آئی جی

11 اپریل 2018

لاہور (نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، درباروں، اقلیتی عبادت گاہوں، عدالتوں، تعلیمی اداروں دیگر اہم عمارتوں اور تنصیبات کی سکیورٹی پر بطور خاص توجہ دی جائے اور سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے بھجوائی جانے والی سکیورٹی آڈٹ رپورٹس کی روشنی میں مذکورہ بالا جگہوں کا سکیورٹی پلان ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں نہ صرف تشکیل دیں بلکہ ان کی مانیٹرنگ کا بھی مؤثر انتظام کریں۔ انہوں نے کہا کہ شب معراج کیلئے سی سی پی او لاہور تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں سکیورٹی پلان کی تیاری پر خود توجہ دیں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ حساس مساجداور امام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں اور ان عبادت گاہوں کے ارد گرد کیو آر ایف کی پٹرولنگ کا بھی ضرور انتظام کیا جائے جبکہ ڈیوٹی کیلئے کمانڈوز کی تعیناتی کو ترجیح دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹرل پولیس آفس میں صوبے کے تمام آرپی اوزاور ڈی پی اوز کو بذریعہ ویڈیو لنک ہدایات دیتے ہوئے کیا۔