سیشن عدالت نے احد چیمہ کی گرفتاری پر احتجاج کرنیوالے افسروں کیخلاف مقدمہ کی درخواست مسترد کر دی

11 اپریل 2018

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والے افسروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مقامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ نیب کی جانب سے گرفتار ملزم احد چیمہ کی گرفتاری قانونی تقاضے کے تحت عمل میں لائی گئی، آئین کے تحت سول بیوروکریسی صرف ریاست کی وفادار رہنے کی پابند ہے، رولز کے تحت سول افسر شخصیات کے نہیں ریاست کے ملازم ہیں، احتجاج کے نام پر دفاتر کی تالا بندی اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر عدالت احتجاج کرنے والے تمام افسروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرے، تھانہ اسلام پورہ کے ایس ایچ او نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جبکہ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں۔