مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب صوبہ کی بحالی کے حق میں 2 قراردادیں پاس کیں، 36 فیصد ترقیاتی فنڈ دیا: شہباز شریف

11 اپریل 2018

لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر و وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ماڈل ٹاؤن میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔آپ کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ووٹ بینک بڑھا ہے ۔ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کیے ہیں ۔رواں مالی سال سالانہ ترقیاتی بجٹ کا 36فیصد جنوبی پنجاب پر خرچ کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال جنوبی پنجاب میں 229ارب کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے نعرے کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام اوربہاولپور کے سابق صوبے کو بحال کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی سے قرارداد یں منظورکرائی ہیں۔ ہم نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کسی اورجماعت کو جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے صوبے کے قیام کے مطالبے کی بحالی کیلئے قراردادیںمنظورکرانے کی توفیق نہیں ہوئی۔انہوںنے کہا کہ 2010ء کے دوران جنوبی پنجاب میں آنیوالے بد ترین سیلاب میں منتخب نمائندوں کیساتھ ملکر وہاں کے عوام کی بھر پور خدمت کی۔جنوبی پنجاب کا ترقیاتی بجٹ وہاں کی آبادی کے تناسب سے زیادہ رکھا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ میں ہمیشہ جنوبی پنجاب کے عوام کیساتھ کھڑا رہا ہوں ۔ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے علاقے فورٹ منروکو سیاحتی مقام بنارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیم ،صحت،انفراسٹرکچراوردیگر شعبوں میں بہتری لائی گئی ہے ۔جدید انفراسٹرکچرکے ذریعے لوگوں کو آمدورفت کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ملاقات کرنیوالوں میں وفاقی وزیر سردار اویس لغاری،وزیرمملکت عبدالرحمان کانجو،اراکین قومی اسمبلی سردار امجد فاروق خان کھوسہ ،ملک سلطان محمود ہنجرا،سردار عاشق حسین گوپانگ، رکن صوبائی اسمبلی ذیشان گرمانی اورسابق رکن قومی اسمبلی صدیق خان بلوچ شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے اورملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ساتھ دینے والے اور ساتھ نبھانے والے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔پنجاب کے ہر ضلع اور ہر شہر کی یکساں ترقی کے ایجنڈے پر یقین رکھتے ہیں۔ شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، اظہر قیوم ناہرہ، چوہدری محمد طفیل، چوہدری محمد ارشد جٹ، سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرہ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوجرانوالہ مظہر قیوم ناہرہ شامل تھے ۔

EXIT کی تلاش

خدا کو جان دینی ہے۔ جھوٹ لکھنے سے خوف آتا ہے۔ برملا یہ اعتراف کرنے میں لہٰذا ...