خالد مقبول صدیقی کے پاس مینڈیٹ نہیں ،میری طرح نمائشی سربراہ ہیں‘ فاروق ستار

11 اپریل 2018

کراچی ( این این آئی )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے بہادر آباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے پارٹی میں واپسی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس مینڈیٹ نہیں اورآج میری طرح نمائشی سربراہ ہیں،پارٹی کی دوتہائی اکثریت میرے پاس ہے نہ خالدمقبول کے پاس ہے بلکہ دوتہائی اکثریت کسی اور کی جیب میں ہے۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوںنے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے ڈیڈلائن کی باتیں مناسب نہیں ہیں اور مسئلے کو جتنی جلدی حل کرلیں اچھا ہوگا۔فاروق ستار نے کہا کہ جماعت اورقوم کو بچانے کے لیے رابطہ کمیٹی کو قربانی دینی چاہیے، آج کارکنان کی دل آزاری کی گئی، جو کچھ ہے کارکنان کی وجہ سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیڈلائن کی کیاضرورت تھی، کارکن تھا، کارکن ہوں اور رہوں گا۔