قومی معیشت کی شہ ر گ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کاشہر بن گیا‘ گورنر سندھ

11 اپریل 2018

کراچی (وقائع نگار)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قومی معیشت کی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے شہر کو عالمی طرز کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز نے مل کر کام کرنا ہوگا ، عالمی معاشی نقشہ پر کراچی کو نمایاں مقام دلانے کے لئے عوام کے منتخب نمائندے اہم خدمت انجام دے سکتے ہیں ،شہر میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، تجارتی ، کاروباری ، ادبی ثقافتی ، فلمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ لوگ آزادانہ ماحول میں اپنے امور انجام دے رہے ہیں لیکن شہر کو جدید سہولیات کی فراہمی کے بغیر اصل اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بھرپور کام کرنا چاہئے شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کا بھرپور تعاون جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی میں قائم کراچی چیئر مینز اتحاد کے 39 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ اتحاد میں ایم کیو ایم پاکستان ، مسلم لیگ (ن) ، عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ف) اور جماعت اسلامی کے یونین کونسل کے چیئر مینز شامل ہیں ۔ملاقات میں معاشی شہ رگ کی قومی ترقی میں اہمیت ، جدید سہولیات کی فراہمی میں وفاقی کا بھرپور تعاون ، 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے جاری ترقیاتی منصوبے ، شہر میں جاری سیاسی ، سماجی ، معاشی اور دیگر سرگرمیوں میں اضافہ ، صنعتی فعالیت ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، سی پیک منصوبہ کے بعد کراچی میں معاشی سرگرمیوں میں متوقع زبردست اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں کراچی چیئر مینز اتحاد نے گورنر سندھ سے اپیل کی کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں یونین کونسل سطح کے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کئے جا ئے تاکہ نچلی سطح تک عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جا سکے ۔ علاوہ ازیں گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پر امن ماحول ، طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے کے مواقع، 6 فیصد سالانہ شرح نمو ،مستحکم قومی معیشت ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، صنعتی فعالیت ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کے مسلسل بڑھنے سے پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہے ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان آئندہ برسوںمیں عالمی سطح کی مضبوط اقتصادی و معاشی قوت بن کر ابھرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمنٹس کے چیئر مین سید قیصر محمود کی قیادت میں آنے والے وفد کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے دورا ن کیا ۔ وفد میں مزمل فیروزی ، شبیر سومرو ، محمد ابراہیم ، منصور احمد خان مانی ، انیس منصوری ،محمد عارف میمن ، اعظم عظیم اعظم ، عدیل طیب ، ذوالفقار قریشی ، عرشی عباس ، ثنا ء ہاشمی اور علوینہ مشتاق سمیت دیگر شامل تھے ۔ مشاورتی اجلاس میں قومی معیشت ، حکومتی معاشی پالیسی ، جمہوری اداروں کے مزید استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، سی پیک منصوبہ اورموجودہ حکومت کی پانچ برس کی کارکردگی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔