ملٹری ہسپتالوں میں غیر معیاری ادویات، اشفاق کیانی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ سید صبیح الحسنین، دی نیشن رپورٹ) سپریم کورٹ میں جعلی اور غیر معیاری ادویات سے متعلق انسانی حقوق کے آرٹیکل 184/3کے تحت درخواست دائر کردی گئی ہے ، درخواست کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں فیڈریشن، وزارت دفاع کے افسروںاور سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملٹری ہسپتالوں میں مبینہ ملی بھگت سے جعلی اور غیر معیاری ادویات استعمال ہو رہی ہیں جس کے باعث کئی قیمتی جانے ضائع ہو چکی ہیں۔ پہلے فوج کے ہسپتالوں کو نوشہرہ (کے پی کے) ادویات ڈپو سے میڈیسن کی سپلائی کی جاتی تھی مگر 2012ء سے یہ ڈپو بند کردیا گیا ہے اور ادویات کی خریداری کا اختیار متعلقہ ہسپتالوں کو دے دیا گیا ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق ادویات خریدیں۔ بازار سے مہنگی ادویات خریدنے کے ضمن میں تقریباً 50 بلین روپے کا نقصان ہو چکا ہے کیونکہ نوشہرہ ڈپو جو پہلے یہ ادویات خریدتا تھا وہ ٹینڈرز، مانیٹرنگ، چیک اینڈ بیلنس، لیباڑی چیک، ادویات کی کوالٹی کا پہلے جائزہ لیتا تھا جبکہ اب متعلقہ ملٹری کے ہسپتال جو ادویات خریدتے ہیں ان کے پاس ادویات وقیمت کے حوالے سے جائزہ کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے اور نہ ہی کوئی چیکنگ لیباٹری موجود ہے۔