بدعنوانی سے پاک انتظامیہ اور درست فیصلے ہی نیب کی شناخت ہونی چاہئے‘ ممنون

11 اپریل 2018

اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ نیب کے افسروں کو انتہائی دیانت دار اور غیرجانبدار ہونا چاہئے۔ بدعنوانی سے پاک انتظامیہ اور درست فیصلے ہی نیب کی شناخت ہونا چاہئے۔ صدر گزشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے بات چیت کر رہے تھے۔ جنہوں نے صدر سے ملاقات کرکے نیب کے ادارے کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی۔ صدر نے نیب کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لئے سب کے ساتھ یکساں سلوک کرنے سے عوام کا نیب پر اعتماد مستحکم ہوگا۔ صدر نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ اس صورت میں ممکن ہے جب انصاف کے سارے تقاضے پورے کئے جائیں۔ صدر نے کہا کہ نیب کے بارے میں عدالتی اور عوامی تحفظات کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ صدر نے کہا کہ اختیارات کے ناجائز اور بے جا استعمال سے گریز کیا جائے۔ چیئر مین نے صدر کو یقین دہانی کرائی کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے گی۔