انسداد دہشتگردی ترمیمی آرڈیننس ایوان بالا میں پیش‘ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا

11 اپریل 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے آرڈیننس کو ایوان میں تاخیر سے پیش کرنے کے بارے میں رولنگ محفوظ کر لی۔ گزشتہ روز سینٹ میں حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر قانون نے انسداد دہشتگردی ترمیمی آرڈیننس ایوان میں پیش کیا۔ جس کی قائد حزب اختلاف شیری رحمان اور سینیٹر میاں رضا ربانی نے مخالف کی۔ قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا کہ آرڈیننس کو اس طرح ایوان کی اندر پیش کرنا غلط ہے۔ تاخیر کی وجوہات بتائی جائیں۔ سینیٹر میں رضا ربانی نے کہا کہ آرڈیننس کے اجراء کے فوری بعد ایوان کے اندر پیش ہونا چاہئے۔ مذکورہ آرڈیننس 9 فروری 2018ء کو جاری ہوا تھا۔ اب تک سینٹ کے دو سیشن ہو چکے ہیں۔ تاہم ایوان میں پیش نہیں کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ کی رولنگ لے کر زیادہ سے زیادہ 10 دن کی تاخیر کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وہ اس معاملہ میں رولنگ دیں گے۔ بعدازاں وزیر قانون نے آرڈیننس ایوان میں پیش کر دیا جو متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔