پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، جنگ مسائل کا حل نہیں، صادق سنجرانی

11 اپریل 2018

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دوستی کے مضبوط رشتے کی بنیاد ثقافتی، مذہبی اور سماجی سطح پر پائی جانے والی مماثلتوں پر قائم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں میں تعلقات میں گرم جوشی دیکھنے میں آئی ہے جس کی بدولت عوامی سطح پر روابط کو مزیداستحکام ملا ۔ وہ گزشتہ روز پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر احسان مصطفی ردکل سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ترکی پاکستانی سیاحوں کے لیے توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ دوستانہ تعلقات کو تجارتی ، سرمایہ کار ی اور دیگر دوسرے شعبوں میں وسعت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے اور ترکی کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے کیوں کہ جنگ مسائل کا حل نہیں اور دیرپا امن سے ہی ایشیا کی ترقی ممکن ہوگی ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ترکی کی حمایت کو سراہا۔ ترکی کے سفیر نے محمد صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینٹ منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔