خیبر پی کے عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام پر بہت بڑا فراڈ ہوا: پرویز ملک، عمران نذیر

11 اپریل 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و پرائمری ہیلتھ کیئر کے وزیرخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات کی جماعت ہے، عوام کے دکھوں کا مداوا پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ہی مضمر ہے۔ خیبرپی کے کے عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام بہت بڑا فراڈ ہوا ہے،زرداری اور نیازی ملکر بھی ہم پر بھاری نہیں ہیں، پی ٹی آئی پی پی پی کی بی ٹیم بن چکی ہے اس کے نظریات بھی ساتھ ہی دفن ہوگئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمیاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،تنویر ضیا بٹ،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چوہدری جاوید اقبال ،ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔