نیب قوانین کو غیر موثر کرنے کی بات احتساب سے بچنے کی کوشش ہے ‘ضیاء عباس

11 اپریل 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان اورمسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ نیب قوانین کو غیر موثر کرنے کی بات احتساب سے بچنے کی کوششوں کا حصہ ہے لیکن اب یوم حساب قریب ہے لوٹی ہوئی ملکی دولت کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا انہوں نے کہا کہ عوام کے جن ووٹوں کی عزت اورتکریم کی بات کی جاتی ہے وہ حق حکمرانی ضرور دیتے ہیں آئین اورقانون کی پامالی کی اجازت نہیں دیتے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے ان ریمارکس کو بھی عوام کی امنگوں کا آئینہ دار قرار دیا کہ جب تک یہ عدلیہ ہے سفارش اوررشوت نہیں چلے گی اورقوم کا پیسہ واپس خزانے میں جائے گا سید ضیاء عباس نے کہا کہ اب نیب قوانین کو غیرموثر کرنے سمیت احتساب کے شکنجے سے بچنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی آنے والے وقت قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے اور ملک خوشحالی اورترقی کے حقیقی سفر کی طرف گامزن ہوکر رہے گا۔
ضیاء عباس