لوڈ شیڈنگ‘ میٹرک کا امتحان دینے والے طلبا سب سے زیادہ متاثر

11 اپریل 2018

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے نویں اور دسویں کا امتحان دینے والے ساڑھے تین لاکھ سے زائد طلبا سب سے زیادہ متاثر ہیں جنہیںنہ صرف امتحانات کی تیاری صبح و شام اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کرنی پڑرہی ہے بلکہ اپنے کیریئر کا یہ اہم ترین امتحان سخت گرمی اور کلاس روم میں شدید حبس کے عالم میںدینا پڑرہا ہے۔جس سے کئی کی حالت خراب ہوگئی۔ پسینے میں نہائے لاکھوں طلبا نہ صرف یکسوئی سے پیپر نہیں دے پا رہے بلکہ ان کا بہتا پسینہ امتحانی کاپی خراب کرنے کا سبب بھی بن رہا ہے۔ پرائیوٹ اسکولوں میں قائم بعض سنٹرز میں اگرچہ جنریٹرز موجود ہیں تاہم دوسرے اسکولوں سے پیپر دینے کے لئے آئے ہوئے ان طلباکے لئے اسکول انتظامیہ نے جنریٹرز کو شجر ممنوعہ بنایا ہوا ہے۔ سرکاری اسکولوں میں یہ صورتحال اس سے بھی زیادہ خراب ہے جہاں اکثر اسکولوں کے کلاس روم میں موجود واحد پنکھا بھی ہوا دینے سے قاصر ہوتا ہے۔
لوڈ شیڈنگ‘ طلبا متاثر