بھارتی فوج کی پونچھ سیکٹر میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی گاڑی پر بلااشتعال فائرنگ

11 اپریل 2018

راولاکوٹ + نئی دہلی (ایجنسیاں) بھارتی فوج کی طرف سے سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ جاری ہے۔ گزشتہ روز پونچھ سیکٹر کے علاقے دھرمسال میں بھارتی فوج نے سرکاری گاڑی پر فائرنگ کی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حویلی حافظ محمد اکرم سرکاری امور کے انجام دہی کے لئے جا رہے تھے کہ گولہ ان کی گاڑی پر لگا تاہم حافظ محمد اکرم معجزانہ طور پر بچ گئے۔ ان کے ہمراہ ایک ماتحت جج بھی سفر کر رہے تھے۔ دوسری طرف بھارت نے روایتی الزام تراشی کا عمل دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کنٹرول لائن پر کی جانے والی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی آرمی کے ترجمان کرنل نیتن جوشی نے کہاکہ پاکستانی فوجیوں نے کنٹرول لائن پر سندر بنی سیکٹر کے مقام پر گولہ باری کے علاوہ خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
بھارت/ فائرنگ