تحریک انصاف کے شفقت انڑ کا لاڑکانہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کور کمیٹی کے رکن حاجی شفقت انڑ نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل عمران خان لاڑکانہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے انہیں اسلام آباد طلب کیا ہے جہاں سندھ کی سیاست کے متعلق اہم معاملات زیر غور ہوں گے، باقرانی علی آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شفقت انڑ کا کہنا تھا کہ وہ لاڑکانہ کی صوبائی نشست پی ایس 13 اور این اے 201 سے خود الیکشن لڑیں گے اور ٹکٹ کے لیے وہ پی ٹی آئی کو درخواست دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سندھ اور اس کے باسیوں کو روایتی ظالم سیاستدانوں سے نجات دلائی جائے۔ شفقت انڑ نے کہا کہ خاندان کے بزرگوں اور علاقہ کے معززین کے کہنے پر 25 سال سے جاری انڑ خاندان میں موجود اختلاف ختم کر کے کزنز کا ساتھ دیا لیکن انہوں نے دوبارہ معاہدے کی خلاف ورزی کی میری حصے کی جائیداد، گاڑیاں، بنگلہ اور دکانیں دینے سے انکار کیا جبکہ معاہدے کے تحت انتخابی حلقہ پر بھی مجھے نظرانداز کر کے دیوار سے لگا کر خود الیکشن لڑنے کی تیاریاں شروع کردیں یہ ہی وجہ ہے کہ میں اپنے چچا زاد بھائیوں سے سیاسی علیحدگی کا اعلان کر رہا ہوں اس دوران شفقت انڑ آبدیدہ بھی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی رہنما صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال ان کے ذاتی دوست ہیں تاہم انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں کس جماعت سے الحاق ہوتا ہے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ شفقت انڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں پر مشتمل لاڑکانہ عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی پہلے بھی شامل نہیں تھی کیونکہ انہوں نے بھی سابق عام انتخابات میں دھوکہ دیا اگر وہ ایسا نہ کرتے تو بلدیاتی انتخابات میں رزلٹ کچھ اور ہوتا۔ شفقت انڑ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چچا ذاد بھائیوں کی جانب جائیداد انہیں بخشتے ہیں اگر وہ برادری کا رشتہ رکھیں گے تو وہ ہمیشہ عزت دیں گے۔
شفقت انڑ