جنوبی پنجاب والوں کو صوبہ بنانے کا پورا حق ہے‘ عاجز دھامرا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب والوں کو صوبہ بنانے کا پورا حق ہے۔جنوبی پنجاب پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے ، 2018 میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں جنوبی پنجاب سے وزیراعظم بنا کر جنوبی پنجاب کی احساس محرومی دور کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کو مسلم لیگ ن کی حکومت نے جس طرح نظر انداز کیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی،یہی وجہ ہے کہ آج مسلم لیگ ن کو لوگ خیرآباد کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2018 کا الیکشن جیت کر جنوبی پنجاب کے رہنے والوں کو صوبے کا تحفہ دے گی اور صوبے کے عوام کی احساس محرومی دور کرے گی ۔