الیکشن 2018 میں عوام دوخاندانی سیاسی سسٹم کو مسترد کر دیں ‘ پرنس محی الدین بلوچ

11 اپریل 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملک میں آئندہ الیکشن 1970ء کی طرز پر ہوں تو نتیجہ جمہوریت کے حق میں نکلے گا اور اگر عوام نے بھرپور طور پر حصہ نہ لیا تو آئندہ الیکشن میں کرپٹ لوگ ہی آئیں گے۔ یہ بات سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رابطہ اتفاق تحریک کے سربراہ پرنس محی الدین بلوچ نے اپنے رہائش گاہ پر ملیر، منگھوپیر ، گلشن اقبال اور لیاری کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 برس کے دوران جو الیکشن ہوئے ان میں ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد انتہائی کم رہی ہے مگر عوام کو چاہئے کہ وہ آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے اورکرپٹ افراد کے ساتھ ساتھ دو خاندانوں کا نمبرواری سسٹم بھی ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کام کرنے والے تمام ادارے بھی ملک کا حصہ ہیں انہیں بھی چاہئے کہ وہ ایسے انتظامات کریں کہ الیکشن شفاف ہوں اور جب الیکشن 1970ء کے طرز پر ہوئے تو نتیجہ عوام کے حق میں آئے گا اور اس کے بعد جمہوریت بھرپور ہوگی اور عوام میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتربنانے کیلئے چوروں اور لٹیرے ارکان اسمبلی کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔